پھیپھڑوں کے کینسر کو شکست دینے والے یووراج سنگھ کا سنجے دت کو پیغام

 یووراج سنگھ خود بھی کینسر کے مرض میں مبتلا رہ کر صحت یاب ہوچکے ہیں،فوٹو:فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز یووراج سنگھ نے بھی کینسر میں مبتلا بالی وڈ اداکار سنجے دت کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ انڈسٹری میں منا بھائی اور سنجو بابا کے نام سے معروف 61 سالہ اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

سنجے دت کی بیماری کا سن کر بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے شائقین پریشان ہیں اور ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج بلے باز یووراج سنگھ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سنجے دت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ' آپ فائٹر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے'۔

یووراج سنگھ کا کہنا ہے کہ 'مجھے معلوم ہے کہ یہ درد کیسا ہوتا ہے، لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ مضبوط ہیں اور اس مشکل مرحلے کا بھی سامنا کرلیں گے، آپ کی جلد صحت یابی کے لیے میری دعائیں اور نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں'۔

واضح رہے کہ یووراج سنگھ خود بھی کینسر کے مرض میں مبتلا رہ کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

2011ء کے ورلڈکپ کے بعد معلوم ہوا تھا کہ  یووراج سنگھ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں  اور ڈاکٹروں نے ان کے بائیں پھیپھڑے میں ٹیومر کی تشخیص کی تھی۔

یووراج سنگھ اپنے علاج کے لیے امریکا چلے گئے تھے جہاں کئی مہینے علاج کرانے کے بعد وہ صحت یاب ہو کر بھارت لوٹے تھے اور اس کے بعد انہوں نے متعدد عالمی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔ گذشتہ سال انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ سنجے دت کے پھیپھڑوں میں کینسر چوتھے اسٹیج پر ہے انہیں علاج کے لیے جلد ہی امریکا لے جایا جائے گا۔

مزید خبریں :