Time 05 نومبر ، 2021
کھیل

سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے معافی مانگ لی

سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سے شو کے دوران آن ائیر کی جانے والی بد تہذیبی پر معافی مانگ لی۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر اسٹار ہیں مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے مزید کہا کہ پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی، تم نے غلطی کی، اس وقت شعیب اختر اسٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہیے تھا۔

سرکاری ٹی وی کے میزبان نے صحافی رؤف کلاسرا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیز نہیں ہونی چاہیے تھی جس کا میں خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار ہوں اور بھگت رہا ہوں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر نعمان نیاز نے سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں غیر ملکی سپر اسٹارز کے سامنے شعیب اختر کے ساتھ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا جس پر شعیب اختر نے آن ائیر ہی پروگرام چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری ٹی وی کو انکوائری کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر پی ٹی وی کی انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر دونوں کو آف ائیر کر دیا تھا۔

مزید خبریں :