Time 05 نومبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

آریان خان کیس میں نیا موڑ سامنے آگیا

گزشتہ دنوں ہی بمبئی ہائیکورٹ نے آریان خان اور دیگر دو ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کیا گیا— فوٹو:فائل
گزشتہ دنوں ہی بمبئی ہائیکورٹ نے آریان خان اور دیگر دو ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کیا گیا— فوٹو:فائل

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے منشیات کیس میں  نیا موڑ آگیا۔

گزشتہ دنوں ہی بمبئی ہائیکورٹ نے آریان خان اور دیگر دو ملزمان کی ضمانت منظور کی تھیں جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کیا گیا۔

آریان خان کے منشیات کیس میں اہم موڑ آگیا ہے اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ٹیم میں تبدیلی کردی گئی ہے۔

این سی بی نے کیس کے تفتیش کار اور زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور انہیں ہیڈکوارٹر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ سمیر وانکھیڈے پر منیشات کیس میں رشوت طلب کرنے اور دیگر الزامات لگے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڈے پر الزامات کے بعد تحقیقات کی جارہی تھیں اور اب انہیں آریان خان منیشات کیس سمیت 6 کیسز کی بھی تفتیش سے الگ کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سمیر وانکھیڈے کا کہنا تھاکہ مجھے تفتیش سے نہیں ہٹایا گیا بلکہ میں نے عدالت میں درخواست کی تھی جس کے بعد اب کیسز کی تفتیش دہلی زون کرے گا۔

خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔

آریان خان منشیات کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں تھے اور انہیں 30 اکتوبر کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر جیل سے رہا گیا گیا تھا۔

مزید خبریں :