06 نومبر ، 2021
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان سے میچ ہارتی ہے تو بہت سارے سوالات اٹھ جائیں گے۔
نمیبیا کو 8 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد بھارت نے ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا ہے اور بھارتی ٹیم رن ریٹ کے اعتبار سے اپنے گروپ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔
لیکن گروپ ٹو سے پاکستان کے علاوہ کون سی دوسری ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی اس بات کا فیصلہ کل نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ پر منحصر ہے۔
اس حوالے سے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اب افغانستان پر ہے کہ وہ ہندوستان کو اندر لا سکتی ہے یا نہیں لا سکتی کیونکہ اگر افغانستان میچ جیتتی ہے تو ہندوستان گیم میں واپس آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ میچ نیوزی لینڈ کیلئے کوارٹر فائنل ہے، اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو ہرا دیتی ہے تو پھر ’گیم از اوور‘، پورا ہندوستان افغانستان کو سپورٹ کر رہا ہو گا لیکن ہم سپورٹ کریں گے اچھی کرکٹ کو۔
شعیب اختر کا کہنا ہے کہ صورت حال انتہائی دلچسپ ہو چکی ہے لیکن میری دلی خواہش ہے کہ ہندوستان ہمارے ساتھ فائنل میں آئے اور ہم ہندوستان کی پھینٹی لگائیں، اور یہ کرکٹ کے لیے اچھا ہو گا کیونکہ ہندوستان اور پاکستان آپس میں فائنل کھیلتے ہیں تو یہ بہت ہی دلچسپ مقابلہ ہو گا اور اس سے ورلڈکپ اور بھی بڑا ہو جائے گا۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان نے نمیبیا کو شکست دیکر ورلڈکپ کو بڑا کر دیا ہے، فیصلہ اب نیوزی لینڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ہندوستان کو باہر کرتی ہے یا نہیں کرتی لیکن اگر خدانخواستہ نیوزی لینڈ میچ ہارتی ہے تو بہت سارے سوالات اٹھ جائیں گے۔