06 نومبر ، 2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی اور کھیل ختم ہونے کے بعد بھارتی کرکٹرز حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے لیے ان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کیں اور کپتان ویرات کوہلی سمیت ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
تصاویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹس کا سمندر امڈ آیا او یوں شائقین نے اس عمل کو پاکستان کی نقل قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹرز کو 'کاپی کیٹ' کے لقب سے نوازا۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز نمیبیا کیخلاف میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد ان کے ڈریسنگ روم پہنچے تھے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے نمیبیا کو ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی پر مبارک دیتے ہوئے ان کے کھلاڑیوں کیلئے تالیاں بجائی تھیں، اس کےعلاوہ قومی کرکٹرز نے نمیبیا کےکھلاڑیوں کو گلے لگایا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
پاکستانی کرکٹرز کو اپنے ڈریسنگ روم میں دیکھ کر نمیبیا کے کھلاڑیوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا جو ان کے چہروں سے عیاں تھی۔