08 نومبر ، 2021
بھارتی سکیورٹی ایجنسی سی بی آئی نے سشانت سنگھ کیس میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سی بی آئی سشانت سنگھ راجپوت کیس کی تحقیقات کررہی ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے اب سی بی آئی نے سشانت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ سی بی آئی نے کیس کی تحقیقات کے سلسسلے میں سشانت کی ڈیلیٹ چیٹ، ای میلز تک رسائی کے لیے فیس بک اور گوگل سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سی بی آئی فیس بک اور گوگل ہیڈ کوارٹرز تک رسائی حاصل کرے گی جس میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے کےتحت سشانت کی چیٹ اور ای میل تک رسائی کی درخواست کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ سی بی آئی سشانت سنگھ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے دینا نہیں چاہتی اور اس کے لیے فیصلہ کیا گیا ہےکہ امریکا میں گوگل اور فیس بک کے ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کرکے درخواست کی جائے گی کہ اگر آنجہانی اداکار کی موت سے قبل ان سے منسلک کوئی بھی ای میل یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ موجود ہے تو اس تک رسائی دی جائے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اس معاملے پر سشانت سنگھ کے اہلخانہ کے وکیل کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سی بی آئی نے ڈیلیٹ شدہ ای میلز اور چیٹ کی رسائی کے لیے امریکی کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے اور سی بی آئی کیس میں اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے، باوجود اس کے کہ فارنزک رپورٹ میں سشانت کی موت کو خودکشی قرار دیا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں موجود اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اسے خودکشی قرار دیا تھا تاہم اداکار کی فیملی نے اسے قتل قرار دیا تھا اور سشانت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے سشانت کو استعمال کیا اور ایسے حالات پیدا کردیے کہ وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔