09 نومبر ، 2021
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا جبکہ بخار کی دوا مارکیٹ میں نایاب ہوگئی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 456 جن میں سے لاہور میں 333 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ ڈینگی بخار سے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور مرنے والے پانچ مریضوں کا تعلق لاہور اور ایک کا راولپنڈی سے ہے۔
رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 19 ہزار 21 اور لاہور میں 14 ہزار 145 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی بخار سے 75 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسپتالوں میں مریضوں کا رش برقرار ہے اور سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں ایک ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کو سخت بخار میں کئی کئی گھنٹے کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض مریض ویل چیئر پر علاج کے منتظر دکھائی دیے۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی دوا کی 3 کروڑ 24 لاکھ گولیاں مارکیٹ میں بھجوائی گئی ہیں تاہم صورت حال یہ ہے کہ لاہور میں یہ دوا اب بھی نایاب ہے اور شہری دوا نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فارمیسز میں دوا نہیں مل رہی، محکمہ صحت نے کروڑوں گولیاں جہاں بھیجی ہیں ہمیں بھی بتا دیں تاکہ اپنے پیاروں کے علاج کیلئے دوا خرید سکیں۔