پاکستان
Time 13 نومبر ، 2021

نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے گھر کی سی سی ٹی وی ویڈیو  جیو  نیوز نے حاصل کر لی۔

ویڈیو کے مطابق نور مقدم 18 جولائی 2021 کو رات 10 بج کر 19 منٹ پرگھر میں داخل ہوتی ہے، 19 جولائی کی رات 2  بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم  سامان لے کر گھر سے نکلتے ہیں۔

19 جولائی کو  ہی رات 2 بج کر 41 منٹ پر نور مقدم  ننگے پاؤں گھر سے باہر بھاگتی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوکیدار نور مقدم کو  باہر نہیں جانے دیتا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نور مقدم ظاہر جعفر سے معافی مانگ رہی ہوتی ہے۔

19 جولائی کو ہی ظاہر جعفر اور نور مقدم 2 بج کر 46 منٹ پر گاڑی میں بیٹھ کر باہر جاتے ہیں اور 19 جولائی کو  ہی 2 بج کر 51 منٹ پر دونوں سامان سمیت گھر  واپس آجاتے ہیں۔

20جولائی کوشام 7 بج کر 11منٹ پر نور مقدم جان بچانےکیلئے کھڑکی سے چھلانگ لگاتی ہے، گھر کے دوسری سائیڈ سے ظاہر جعفر کو بھی چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے، نور مقدم باہر جانےکی کوشش کرتی ہے لیکن مالی اسے نہیں جانےدیتا جبکہ چوکیدار بیسمنٹ میں چلاجاتاہے جس کے بعد ملزم ظاہر جعفر ، نور مقدم کو گھسیٹے ہوئے گھر کے اندر لے جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 20 مئی کو 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

نور مقدم قتل کیس کا ملزم ظاہر جعفر پولیس کی تحویل میں ہے اور کیس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جاری ہے۔

حکومت نے نور مقدم قتل کیس کے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے جب کہ وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ کیس کے ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی


مزید خبریں :