Geo News
Geo News

Time 14 نومبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

'پتہ نہیں کیا کر بیٹھے جو اللہ کو پیارے ہوگئے' سہیل اصغر کا آخری آڈیو پیغام

اداکار کو اپنے آڈیو پیغام میں یہ کہتے سنا گیا کہ شکر الحمداللہ اللہ نے آج تک میرا ہاتھ نہیں چھوڑا—فوٹو فائل
اداکار کو اپنے آڈیو پیغام میں یہ کہتے سنا گیا کہ شکر الحمداللہ اللہ نے آج تک میرا ہاتھ نہیں چھوڑا—فوٹو فائل

پاکستان کے لیجنڈ اداکار سہیل اصغر کا انتقال سے قبل بھیجا گیا آخری آڈیو پیغام سامنے آیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے اداکار کا آخری آڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جو انہوں نے اپنے بیمار دوست نور الحسن کو بھیجا تھا جس میں اداکار نے کہا کہ کہتے ہیں کہ بیمار کی دعا بیمار کو لگتی ہے، بیٹھے بٹھائے میرا رب اپنی آزمائشیں بھیج دیتا ہے۔

اداکار کو اپنے آڈیو پیغام میں یہ کہتے سنا گیا کہ شکر الحمداللہ اللہ نے آج تک میرا ہاتھ نہیں چھوڑا، ہر آزمائش کے وقت میرا ہاتھ تھام کر رکھا۔ مجھے اللہ نے ہمیشہ سرخرو کیا آگے بھی کرے گا، انشا اللہ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ پاک میرے ساتھ ہے، میری ایک ایک سانس کے ساتھ ہے۔ پتہ نہیں ہم کیا کر بیٹھے جو اللہ کو اتنے پیارے ہوگئے، کہتے ہیں کہ اللہ جنہیں پیار کرتا ہے انہیں آزمائشیں بھی دیتا ہے، ہمارے بارے میں اللہ بہتر جانتا ہے۔ ہم نے زندگی میں کبھی کسی کا برا نہیں چاہا۔

پیغام کے آخر میں اداکار نے اپنے دوست نور کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور ان سے اپنے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

خیال رہے کہ ماضی کے معروف اداکار سہیل اصغر ڈیڑھ سال سے بیمار تھے اور 13 نومبر کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نماز جنازہ 14 نومبر کو بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔