15 نومبر ، 2021
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے سابق چیف جج گلگت بلتستان سے متعلق خبر پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دھماکا خیز خبر سے نوازشریف اور مریم نواز کو نشانہ بنانےکے پس پردہ بڑی سازش بےنقاب ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ سچائی منکشف کرنے کا اللہ تعالی کا اپنا طریقہ ہے اور اس سچائی کا ظاہرہونا عوام کی عدالت میں نوازشریف، مریم نواز کی بےگناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے اپنے رد عمل میں کہا کہ پاکستان، عوام اور اس کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کے خلاف گھناؤنی سازش اور اس میں ملوث کرداروں کو ایک ایک کرکے اللہ تعالیٰ بے نقاب فرما رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان کا یہ مصدقہ حلف نامہ اس مذموم جرم کے خلاف گواہی ہے۔