16 نومبر ، 2021
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹےاحمد حسن رانا نے کہا ہےکہ ان کے والد کا مؤقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں اور وہ اب جواب کے ساتھ پیش ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانا نے کہا کہ رانا شمیم کا بیٹا بھی ہوں اوراب خوش قسمتی سے ان کا وکیل بھی ہوں، آج کیس ملتوی ہوکر26 نومبر تک چلا گیا ہے، اب رانا شمیم جواب کے ساتھ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔
انہوں نے وفاقی وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں الٹا سیدھا بولا، انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیٹے کو نوازا گیا اور ایڈووکیٹ جنرل بنایا، میں کبھی بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں رہا بلکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہا ہوں، آپ ریکارڈ اٹھاکردیکھ سکتے ہیں کہ 6 مہینے میں میرا کام کیسا رہا، آپ کو پتا چلے گا کہ میں میرٹ پربھرتی ہوا تھا یا پرچی پر۔
احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ یہ انکوائری طلب معاملہ ہے اورسپریم جوڈیشل کونسل میں جانا چاہیے، سپریم جوڈیشل کونسل میں شہادتیں ریکارڈ ہوں، جو حق پر ہے وہ سرخرو ہوجائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد کا مؤقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں۔