17 نومبر ، 2021
حکومت نے اہم قومی معاملات پر قانون سازی کے لیے آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق اور انتخابی اصلاحات سمیت کئی اہم بل منظوری کے لیے پیش کرے گی۔
اپوزیشن نے بھی حکومت کی قانون سازی کو پوری قوت سے روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی ہوتا ہے جب وہ میدان میں چلتا ہے تو ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی کہتا ہے جو مخالف کرے گا میں اس سے بہتر کروں گا۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم صاحب اتنی ملاقاتیں کر رہے ہیں، کوئی پریشانی تو نہیں؟ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ کون ملاقاتیں کر رہا ہے۔
قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کی راہ داریوں میں اس حوالے سے جب صحافیوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لیے آپ کتنے پُر امید ہیں؟ تو وزیراعظم نے جواب دیا کہ اسپورٹس مین جب گراؤنڈ میں قدم رکھتا ہے تو ہمیشہ سمجھتا ہے کہ وہ جیتے گا۔