17 نومبر ، 2021
بنگلا دیش کیخلاف جمعے سے شروع ہونیوالی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں۔
آل راؤنڈر شعیب ملک اور کپتان بابر اعظم نے ٹیم کو جوائن کرلیا، کووڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد دونوں نے آج ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔
بدھ کو قومی کرکٹرز نے مسلسل تیسرے روز ٹریننگ سیشن میں شرکت کی جبکہ ایک روز قبل ٹیم کو جوائن کرنے والے شعیب ملک اور کپتان بابر اعظم نے بھی میرپور میں ہونیوالے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا ۔
ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی ڈرلز کیں۔
قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن تین گھنٹے تک جاری رہا، پاکستانی کرکٹرز جمعرات کو بھی پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 19 نومبر سے شروع ہوگی، میچز کیلئے پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے فوری بعد دبئی سے ڈھاکا پہنچ گئی تھی ۔