پاکستان
Time 19 نومبر ، 2021

کے پی میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا پشاور ہائیکورٹ کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کا قانون بنایا تھا جس کو اکرم درانی سمیت دیگر ممبران صوبائی اسمبلی نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پشاور ہائیکورٹ نے غیر جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کی شق کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

اب خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے قانون میں ابہام پیدا ہوا، سپریم کورٹ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

صوبائی حکومت کی درخواست پر جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 25 نومبر کو سماعت کرے گا۔

مزید خبریں :