19 نومبر ، 2021
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ رولز کے تحت حلقہ بندی اوربلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ، بلوچستان اور وفاقی وزارت داخلہ حلقہ بندیوں کیلئے قانون سازی، دستاویزات اور ڈیٹا مہیا کرنے میں ناکام رہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لوکل گورنمنٹ رولز کے تحت حلقہ بندی اوربلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ، بلوچستان اوراسلام آباد میں حلقہ بندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔
اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں حلقہ بندی کا آغاز 6 دسمبر سے ہو گا اور 28 فروری تک جاری رہے گا جبکہ اسلام آباد میں حلقہ بندی کا عمل 25 نومبر سے 3 فروری تک ہوگا اورسندھ میں حلقہ بندی کا عمل یکم دسمبر سے 23 فروری تک جاری رہے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندی کے بعد سندھ، بلوچستان اوراسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔