پاکستان
Time 21 نومبر ، 2021

سیاستدان کا احتساب ٹیکس کی بنیاد پر ہونا چاہیے، شاہد خاقان

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ نیب لوٹے بنانے اور وفاداریاں تبدیل کرانےکا آلہ بن چکا، لوٹوں، منافقوں اور وفاداریاں بیچنے والوں سے قومیں نہیں بنتیں۔

لاہور میں عاصمہ جہانگیرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھےگا، نیب اس وقت پاکستان کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ ہے جو لوگوں کے ضمیر خریدنے، انہیں بلیک کرنے اور حکومتوں کے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے کام آتا ہے۔

 شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاستدان کا احتساب ٹیکس کی بنیاد پر ہونا چاہیے ، کوئی 50 کروڑ روپےکے گھر اور6 کروڑ  روپےکی گاڑی میں پھرتا ہے تو اس سے پوچھیں کتنا ٹیکس دیا ہے، ہم نے ترامیم دیں کہ جج بنانے سے پہلے اس وکیل کی10 سال کی ٹیکس ریٹرن دیکھیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  نیب کے انتقام کا نشانہ صرف سیاستدان بنے، چیئرمین نیب بتائیں کہ کس سیاست دان سے کتنی رقم برآمد کی اور کس سیاست دان کو سزا ہوئی؟

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جن کیسز میں سزا ہوئی وہ سب کے سامنے ہیں،  نیب کی تفتیش اور عدالتوں میں سماعت کے دوران کیمرے لگانے چاہئیں تاکہ لوگوں کو اصل حقائق کا پتہ چل سکے۔

مزید خبریں :