22 نومبر ، 2021
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ پر ردعمل سامنے آگیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثارکی مبینہ آڈیو ٹیپ سے متعلق خبر اور اس سے متعلق متعدد ٹوئٹس کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔
مریم نواز نے اس کے علاوہ اپنے تبصرے میں 'اللہ اکبر' لکھا ہے۔
خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جب کہ سابق چیف جسٹس نے خود سے منسوب آڈیو کلپ کی تردید کی ہے۔
مبینہ آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی۔ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردید کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔
جیو نیوز کے سوال کہ کیا آڈیو کے معاملے پر کوئی قانونی نوٹس بھیجیں گے؟ اس پر ثاقب نثار کا کہنا تھاکہ سوچ رہا ہوں کیا قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔