22 نومبر ، 2021
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔
بنگلادیش کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو 125 رنز کا ہدف دیا۔
قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لی۔
عثمان قادر اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے محمد نعیم 47 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 32 رنز پر گری اور کپتان بابراعظم 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد رضوان نے کھیل کوسنبھالا اور وہ 40 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان اور بنگلادیش کےدرمیان میچ آخری گیند تک گیا اور انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا جب کہ آخری گیند پر محمد نواز نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔
پاکستان کی جانب سے حیدر علی 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے محمد اللہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔