22 نومبر ، 2021
پاکستان نے بنگلادیش کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کےبعد شکست دیکر 3 میچز پر مشتمل سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی ۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ۔
125 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور میں لے گئے۔
پاکستان ٹیم کو آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے لیکن بنگلادیش کے محموداللہ نے اوور کی ابتدائی 3 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔
آخری اوور کی چوتھی گیند پر افتخار احمد نے چھکا مارا لیکن پانچویں گیند پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے ۔
اب پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے آخری گیند پر 2 رنز درکار تھے اور کریز پر محمد نواز محمود اللہ کا سامنا کررہے تھے ۔
محمود اللہ نے آخری گیند امپائر کے پیچھے سے کروائی تو نواز نے گیند کو چھوڑا اور گیند وکٹ پر لگ گئی جس کے بعد بنگلادیش نے آؤٹ کی اپیل کی۔
فیلڈ پر موجود امپائر تنویز احمد نے گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جس کے بعد نواز نے آخری گیند پر چوکا مار کر پاکستان کو کامیابی دلوائی ۔
میچ کے بعد بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا کہ' محمدنواز آخری لمحات میں پیچھے ہٹے ، میں نے امپائر سے پوچھا کیا یہ صحیح گیند نہیں تھی'۔
محمود اللہ نے کہا کہ امپائرنے جو فیصلہ کیا ہم اس کا احترام کرتے ہیں ۔