ڈاکٹرز کی جانب سے مردہ قرار دیا جانیوالا شخص مردہ خانے میں زندہ ہوگیا

سری کیش اب بھی کومہ میں ہے اور اس کا علاج جاری ہے: فائل فوٹو
سری کیش اب بھی کومہ میں ہے اور اس کا علاج جاری ہے: فائل فوٹو

مردہ قرار دیے جانے کے بعد کسی انسان کی سانسیں لوٹ آنے جیسے واقعات تو بے شمار دیکھے گئے ہیں لیکن بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں ٹریفک حادثے کا شکار ہونےو الے 45 سالہ شہری سری کیش کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

بعد ازاں سری کیش کو سرکاری اسپتال نے پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ قراردے دیا اور اہل خانہ کے اسپتال پہنچنے تک کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا۔

ڈاکٹرز کا بتانا ہے کہ مردہ خانے میں موجود سری کیش 6 گھنٹے گزرنے کے بعد سانس لینے لگا اور جب اہل خانہ کے افراد اس کی میت لینے اسپتال پہنچے تو وہ سانس لے رہا تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق مردہ شخص میں 6 گھنٹے بعد سانسوں کا آجانا کسی معجزے سے کم نہیں  تاہم سری کیش اب بھی کومہ میں ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔