24 نومبر ، 2021
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے تاہم ان کے ریٹنگ پوائنٹس 839 سے کم ہو کر809 ہو گئے ہیں۔
کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 805 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کی تیسری پوزیشن بھی برقرار ہے۔
پاکستان کے محمد رضوان ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے فخر زمان کا رینکنگ میں 35 واں نمبر ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب تبریز شمسی، ایڈم زمپا اور عادل راشد موجود ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ شاداب خان بھی دو درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔