کھیل
Time 24 نومبر ، 2021

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلادیش کا اہم کھلاڑی ریٹائر ہوگیا

محمود اللہ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کی تھی— فوٹو: فائل
محمود اللہ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کی تھی— فوٹو: فائل

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلادیش کے اہم کھلاڑی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

محمود اللہ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں 35 سالہ آل راؤنڈر محمود اللہ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ باضابطہ طورپر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہور ہے ہیں۔

محمود اللہ کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اپنے پہلے اور آخری ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کا سفر شاندار  رہا، وہ اپنے خاندان، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمود اللہ پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اعلان کردہ بنگلادیشی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔

 محمو داللہ نے 50 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کی جس میں اُنہوں نے 94 اننگز میں 2914 رنز 33 اعشاریہ 49 کی اوسط سے بنائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی سب سے بڑی اننگز 150 رنز ناٹ آؤٹ کی رہی، اُنہوں نے پانچ سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

خیال رہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ایک اور اسٹار کھلاڑی شکیب الحسن پوری طرح فٹ نہیں ہوسکے، وہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں، شکیب الحسن ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں جس سے ابھی تک چُھٹکارا نہیں پاسکے ہیں۔

مزید خبریں :