پاکستان
Time 25 نومبر ، 2021

عوام رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کو آٹا ، چینی اور اب پیٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کردیا گیا،یہ صرف بے حسی اور نا اہلی نہیں، ظلم کی انتہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خلقِ خدا رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے، ایک دن بھی عوام پر ظلم و قیامت ڈھانے والے عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔

 پمپس پر لگی قطاروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے  مزید کہا کہ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی یہ تصاویر عوام کے کرب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ انہی قطاروں میں عمران خان، ان کو مسلط کرنے والے اور وزرا بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتا چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں۔

مزید خبریں :