Time 26 نومبر ، 2021
کھیل

پیٹ کمنز، 65 سال بعد آسٹریلیا کے پہلے فاسٹ بولر کپتان

کرکٹ آسٹریلیا نے سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کے اسکینڈل کے باعث کپتانی سے دستبردار ہونے والے وکٹ کیپر  بیٹر ٹم پین کی جگہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر اسٹیو اسمتھ ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔

پیٹ کمنز 65 سال کے عرصے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے پہلے کپتان ہیں جو فاسٹ بولر ہیں۔

اس سے قبل رے لنڈوال نے 1956 میں ایک ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔

پیٹ کمنز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بننا اعزاز کی بات ہے، میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کروں گا۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا میری خوش قسمتی ہے کہ میرے ساتھ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہیں، ایشیز سیریز کا گابا ٹیسٹ شروع ہونے کا منتظر ہوں۔

یاد رہے کہ سابق ملازمہ کو نامناسب پیغامات بھیجنے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید خبریں :