پاکستان
Time 26 نومبر ، 2021

ٹی ایل پی کے سربراہ کا آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان

ٹی ایل پی کے سربراہ کا آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی نے  آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

اپنے بیان میں تنظیم کے بانی علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کے صاحبزادے سعد رضوی نے کہا کہ کہا قبل از وقت الیکشن کے لیے بھی تیار ہیں، قرضہ نہ لینے کا نعرہ لگانے والے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں، حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔

 تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ الیکشن 2023 کیلئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، الیکشن قبل از وقت ہوئے تو اس کیلئے بھی تیار ہیں،  تمام جماعتوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کریں گے، ملک بھر سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔

سعد حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کے  اعتماد پر  پورا اتریں گے، عوام الیکشن میں تحریک لبیک کا بھرپور ساتھ دیں، حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، ملک میں ہر طبقہ احتجاج کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا دعویٰ کرنے والے کشکول لے کر آئی ایم ایف کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں، حکومت اور اپوزیشن ذاتی مقاصد میں مصروف ہیں، الزام تراشی اور ذاتی دشمنیوں نے ملک کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔

خیال رہے کہ سعد رضوی کو حکومت سے معاہدے کے بعد گزشتہ دنوں رہا کیا گیا تھا اور اب انہوں نے الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

الیکن 2018 میں بھی تحریک لبیک نے ملک بھر میں بھرپور حصہ لیا تھا اور بڑے پیمانے پر ووٹ حاصل کیے تھے۔

سندھ اسمبلی میں ٹی ایل پی کی تین نشستیں ہیں جن میں سے دو منتخب اور ایک خاتون کی مخصوص نشست ہے۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی اور دیگر صوبائی اسمبلیوں میں ٹی ایل پی کوئی نشست نہیں جیت سکی تھی۔

مزید خبریں :