27 نومبر ، 2021
بھارت اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹھ کر گٹکا کھانے والے شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی ویب سائٹ پر شیئر کی جانے والی یہ ویڈیو کانپور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ کی ہے۔
میچ کےدوران جیسے ہی کیمرے کی نظر تماشائیوں کے اسٹینڈ پر پڑی تو وہاں بیٹھا ایک تماشائی گٹکا منہ میں دبائے فون پر بات کرنے میں مصروف تھا اور اس کے ساتھ بیٹھی خاتون میچ سے لطف اندوز ہورہی تھیں۔
مگر جیسے ہی کیمرے کی نظر ان دونوں تماشائیوں پرپڑی تو نہ صرف خاتون نے بلکہ گٹکا کھاتے ہوئے شخص نے بھی ہاتھ ہلاکر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس شخص کی شناخت شوبت پانڈے کے نام سے ہوئی جو گٹکا مین کے نام سے ہی مشہور ہے جب کہ یہ کانپور شہر کا ہی رہائشی ہے۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوبت پانڈے کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر گٹکا نہیں چھالیہ کھا رہا تھا اور اسٹیڈیم کے دیگر اسٹینڈز میں موجود اپنے دوستوں سے فون پر گفتگو میں مصروف تھا جب کہ اس کے ساتھ بیٹھی خاتون اس کی بہن ہے۔