25 نومبر ، 2021
بھارت میں پاکستان سے نفرت کی انتہا کھیل کے میدان میں بھی نظر آئی جس میں پاکستان مخالف نعروں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران دونوں ممالک کے تماشائیوں کا جنون جہاں عروج پر ہوتا ہے لیکن وہیں اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے درمیان تلخ کلامی کے ناخوشگوار واقعات بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔
مگر بھارتی شہر کانپور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں بھارتی تماشائیوں نے پاکستان سے نفرت کی انتہا کردی اور کھیل کے دوران نعرے بازی کی۔
کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران جہاں کمنٹیٹر اپنے تبصروں پرمصروف ہیں وہیں بیک گراؤنڈ پر بھارت کے حق میں اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی آوازیں گونج رہی ہیں۔
اسٹیڈیم میں موجود تماشائی ’پاکستان مردہ باد‘ کے نعرے لگارہے ہیں جنہیں ویڈیو میں با آسانی سنا جاسکتا ہے۔