Time 28 نومبر ، 2021
پاکستان

فواد چوہدری نے ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کو نواز شریف کیس کیلئے غیر متعلقہ قرار دیدیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کو نواز شریف کیس کیلئے غیر متعلقہ قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیس 16 ججوں اور  تین چیف جسٹس صاحبان نے سنا، ایسے میں ایک جج کی آڈیو آنا یا نہ آنا غیر متعلقہ ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو چاہیے کہ آڈیو کو عدالت میں پیش کریں، آڈیو کا تجزیہ کرنا اس جج کا کام ہے جو مریم نواز کا کیس سن رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم اور صفدر اتنی اچھی فلمیں بنا لیتے ہیں، وہ یہی کام کریں، سوچی سمجھی سازش کے تحت اس طرح کی لیکس کی جاتی ہیں، ان کا مقصد ہے لوگ اصل سے ہٹ جائیں اور دوسرے سوالوں کی طرف جائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاناما پیپرز میں ان کی چار پراپرٹیز آئیں، جب پوچھتے ہیں کہ ذرائع کیا ہیں تو لیک آگئی، جب پوچھتے ہیں رسیدیں دے دیں تو کہتے ہیں جج نے کہا تھا، اس بات پر فوکس ہونا چاہیے کہ مریم نواز کے کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو، نواز شریف اور مریم نواز ریکارڈ کو عدالت میں پیش کریں۔

مزید خبریں :