کھیل
Time 29 نومبر ، 2021

چٹاگانگ ٹیسٹ: اوپنرز کی بہترین بیٹنگ سے پاکستان کی گرفت مضبوط، جیت کیلئے 93 رنز درکار

بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا—فوٹو: آئی سی سی
بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا—فوٹو: آئی سی سی

چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کو بنگلا دیش کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جیت کیلئے  93 رنز درکار ہیں۔

چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری کرکٹ اسٹیڈیم میں چوتھے روز کا کھیل جاری ہے۔ بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا لیکن حسن علی نے جلد ہی بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر پویلین کلین بولڈ کر دیا۔

بنگلا دیش کے یاسر علی 36 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری میکر لٹن داس نے دوسری اننگز میں بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز اسکور کیے اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر  ہو گئی۔ 

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں ساجد خان اور 2 وکٹیں حسن علی کے حصے میں آئیں۔

پاکستانی کھلاڑی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: آئی سی سی
پاکستانی کھلاڑی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: آئی سی سی

پاکستان کی دوسری اننگز

پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 93 رنز درکار ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 330 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 

مزید خبریں :