پاکستان
Time 29 نومبر ، 2021

وزیراعظم کے احکامات کے بعد کھاد کی بوری کی قیمت میں 400 روپے کمی آگئی

کھاد کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے بعد کھاد کی ایک بوری کی قیمت میں 400 روپے کی کمی آگئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کھاد کے موجودہ ذخائر اور قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم کے پچھلے ہفتے ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کی ہدایت کے بعد کھاد کی فی بوری قیمت فروخت میں اوسطاً 400 روپے کی کمی آئی ہے۔

وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ کھاد کی سپلائی کو مانیٹر کرنے کیلئے آن لائن پورٹل بنا لیا گیا ہے جس سے صوبے اور تمام ضلعی انتظامیہ کھاد کی نقل و حرکت اور اسٹاک کو مانیٹر کر سکتے ہیں۔ 

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہر ضلع میں کنٹرول روم بنائے گئے ہیں جہاں کھاد کی کمی، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے متعلق شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں، صوبوں کے مابین سرحدوں پر اسمگلنگ روکنے کیلئے چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف متعلقہ قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں جس میں اطلاع فراہم کرنے والوں کو ضبط شدہ مال کی نسبت سے انعام دیا جائے گا۔ 

 چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ اب تک کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کرتے ہوئے 347 مقدمے درج ہوئے، 250 سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ 480 گودام سیل کرکے پونے تین کروڑ روپے جرمانے کیے گئے۔ 

وزیراعظم نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :