30 نومبر ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ رانا شمیم کہہ رہے ہیں کہ ان کا بیان حلفی لاک میں ہے، ایسا لگتا ہےکہ بیان حلفی نواز شریف کے ذریعے اخبار تک پہنچا۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج کافی دلچسپ سماعت ہوئی، رانا شمیم نے عدالت میں کہا کہ یہ بیان حلفی میرا ہے ہی نہیں، رانا شمیم نےکہا کہ ان کا بیان حلفی تو لاک ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہےکہ لاک بیان حلفی شائع کیسے ہوا، لگ رہا ہے بیان حلفی نوازشریف کے ذریعے اخبار تک پہنچا، عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم ن لیگ نے اسپانسر کی، عدالتوں کو چاہیے اپنے خلاف مہم بھی آگے لےکر جائے، امید ہے عدالت اس پر کارروائی کرے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے آئندہ انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پرکروائے، ای وی ایم پر الیکشن ہونے پر ہی الیکشن کمیشن کو فنڈز ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ این اے133 کے انتخابات میں ووٹوں کی خریداری پرتشویش ہے، کابینہ نےلاہور میں سامنے آنے والی ویڈیوزپرتشویش کا اظہارکیا ہے، سینیٹ الیکشن میں ایکشن لیا جاتا تو آج یہ نہ ہوتا، الیکشن کمیشن کا مضبوط اور فعال ہونا بہت ضروری ہے، الیکشن کمیشن ان ویڈیوز کے معاملےکو منطقی انجام تک پہنچائے۔