Time 10 ستمبر ، 2021
پاکستان

ای وی ایم پر جلد بازی میں ووٹنگ ملک کیلئے تباہ کن ہو گی، الیکشن کمیشن کا خط

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو  الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے معاملے پر خط لکھ دیا۔

خط میں الیکشن کمیشن کا مجوزہ انتخابی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ای وی ایم پر جلد بازی میں ووٹنگ ملک کیلئے تباہ کن ہو گی اور آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال قابل عمل تجویز نہیں، ای وی ایم الیکٹرانک انداز سے بیلٹ بھرنے جیسے فراڈ نہیں روک سکتی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ای وی ایم پر ایک ہی دن میں پولنگ کرانا نا ممکن ہے، ای وی ایم کوپہلے مقامی پھرضمنی اورپھرعام انتخابات میں چند حلقوں میں استعمال کیاجائے اور بعد میں بڑے پیمانے پر عام انتخابات میں استعمال کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تمام اقسام کے فراڈ نہیں روک سکے گی، ای وی ایم پولنگ بوتھ پرقبضے، الیکٹرانک انداز سے بیلٹ بھرنے جیسے فراڈ نہیں روک سکتی اور نہ ہی ای وی ایم بےامنی، بے ایمان پولنگ اسٹاف اور انتخابی تشدد کو روک سکتی ہے۔

خط کے متن کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین کےذریعے جلد الیکشن نتائج کا کوئی امکان نہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم نظام بہت مہنگا پڑے گا، عام انتخابات کیلئے 9 لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کی ضرورت ہو گی جس پر 150 ارب روپے اخراجات آئیں گے۔

الیکشن کمیشن کے خط میں تحفظات کے 34 نکات بھی شامل ہیں۔

خیال رہےکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی اور الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :