کھیل
Time 01 دسمبر ، 2021

‏ حارث اور دلبر کے بعد ایک اور کھلاڑی کا آسٹریلوی لیگ سے معاہدہ

رسٹ اسپنر میں غیر معمولی مہارت پائی جاتی ہے، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے کام کرتے رہیں گے، ثمین رانا—فوٹو: لاہور قلندرز/سوشل میڈیا
رسٹ اسپنر میں غیر معمولی مہارت پائی جاتی ہے، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے کام کرتے رہیں گے، ثمین رانا—فوٹو: لاہور قلندرز/سوشل میڈیا

لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیفٹ آرم اسپنر سید فریدون کا بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن اسٹارز سے معاہدہ ہوگیا۔

لاہور قلندرز کے ‏ چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے سید فریدون کے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن اسٹارز کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کی۔

سید فریدون پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تیسرے کھلاڑی ہیں جن کا آسٹریلیا میں معاہدہ ہوا ہے، اس سے قبل فاسٹ بولر حارث رؤف اور دلبر حسین کا بھی میلبرن اسٹارز سے معاہدہ رہ چکا ہے۔

19 سالہ سید فریدون آسٹریلیا میں ہیں اور ڈیبیو کریں گے، سید فریدون کا انتخاب لاہور قلندرز کے ورچوئل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے ہوا۔

ثمین رانا نے کہا کہ رسٹ اسپنر میں غیر معمولی مہارت پائی جاتی ہے، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ سید فریدون کو پلیٹ فارم دیا، اب شو کیس کرنا ان کا کام ہے۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید بھی سید فریدون کی صلاحیتیوں کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید فریدون میں کمال کا ٹیلنٹ ہے ، جب پہلی مرتبہ انہیں دیکھا تو حیران رہ گیا تھا، نوجوان پر محنت کی اور اس نے بڑے اچھے انداز میں رسپانس دیا ہے۔

کرکٹ وکٹوریہ کے نکولس کمنز کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے ساتھ اپنے تعلقات پر خوش ہیں، دو پریکٹس میچز میں سید فریدون نے بہت متاثر کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ حارث رؤف اور دلبر حسین کے نقش قدم پر چلیں گے۔

اس حوالے سے اسپنر سید فریدون کا کہنا تھا لیگ میں موقع ملنے پر بہت خوش ہوں، اس موقع کا خواب میں بھی نہیں سوچا تھا، ڈویلپمنٹ کے حوالے سے لاہور قلندرز کا مشکور ہوں، قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں عاقب جاوید کے ساتھ بہت محنت کی۔

مزید خبریں :