Time 01 دسمبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال اور ٹوئٹر کے نئے چیف کا آپس میں کیا تعلق ہے؟

شریا نے وائرل ٹوئٹس میں ردعمل کا اظہار کیا—فوٹو فائل
شریا نے وائرل ٹوئٹس میں ردعمل کا اظہار کیا—فوٹو فائل

بالی وڈ کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال اور ٹوئٹر کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پراگ اگروال کا بہت پرانا تعلق ہے۔

29 نومبر کو جب پراگ اگروال نے اپنے چیف منتخب ہونے کی خبر ٹوئٹر پر شیئر کی تو شریا گھوشال نے ان پر فخر محسوس کرتے ہوئے مبارکباد دی جس پر صارفین نے گلوکارہ اور ٹوئٹر چیف کی 11 سال قبل کی گئی ٹوئٹس دوبارہ شیئر کرنا شروع کر دیں۔

ٹوئٹس سے انکشاف ہوا کہ شریا اور پراگ بچپن کے دوست ہیں اور اسکول میں ایک ساتھ ایک ہی جماعت کے طالبعلم رہ چکے ہیں۔

23 مئی 2010 کو شریا نے ٹوئٹ کیا تھا اور اپنے مداحوں سے پراگ کو فالو کرنے کی درخواست کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ مجھے حال ہی میں پتہ چلا کہ ٹوئٹر پر میرے بچپن کا دوست بھی ہے جو کھانے پینے اور سفر کا شوقین ہے۔

اس کے علاوہ دونوں کے کچھ پرانے ٹوئٹس بھی وائرل ہوئے جس سے صارفین خوب محظوظ ہوئے تاہم شریا نے ان تمام ٹوئٹس پر ردعمل دیا۔

شریا گھوشال نے اپنے مداحوں سے کہا کہ کیا یار تم لوگ بچپن کے ٹوئٹس نکال رہے ہو، یہ 10 سال پہلے کی بات ہے جب ٹوئٹر متعارف ہوا تھا اور ہم بچے تھے۔

 انہوں نے قہقہہ والے ایموجی بناتے ہوئے سوال کیا کہ دوست ایک دوسرے کو ٹوئٹ نہیں کرتے کیا؟ یہ کیا ٹائم پاس چل رہا ہے۔

مزید خبریں :