01 دسمبر ، 2021
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان علی مہر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔
سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان علی مہر کو آج صبح اس وقت ٹارگٹ کیا گیا جب وہ اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آ چکی ہے جس میں موٹر سائیکل پر سوار ہیلمٹ پہنے دو افراد کو عرفان علی مہر کی گاڑی پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں۔
تاہم اب عرفان علی مہر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے اور پولیس سرجن جناح اسپتال ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق عرفان علی مہر کے جسم پر پانچ گولیاں لگیں، دو گولیاں سینے پر، دو چہرے پر اور ایک بازو میں لگی۔
ڈاکٹر سمیعہ کا کہنا ہے کہ گولیاں چھوٹے ہتھیار سے اور قریب سے ماری گئیں، عرفان علی مہر کی وجہ موت سینے میں لگنے والی گولی ثابت ہوئی۔