01 دسمبر ، 2021
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل مسترد کرتے ہوئے 11 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) بلانےکا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس بل کے ذریعے سے شہری علاقوں پر قبضےکی سازش کی ہے، مہاجروں کو ایک بار پھر دیوار سے لگانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اس بل کے خلاف سیاسی حمایت حاصل کرنےکےلیے آل پارٹیز کانفرنس منعقدکریں گے، چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر از خود نوٹس لیں،کیا عدالتوں کو صرف کراچی کی عمارتیں گرانے سے ہی ساری دلچسپی ہے؟ آئین کے خلاف بننے والا بلدیاتی نظام ختم کرنےکا خیال کیوں نہیں آیا ؟چیف جسٹس صاحب از خود نوٹس کب لیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اور مزاحمت کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں، ٹوٹا پھوٹا بلدیاتی نظام شہری علاقوں پر مسلط کیا جا رہا ہے ،پیپلزپارٹی کے آنے سے پہلے کراچی اسی طرح تباہ تھا؟
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ قانون میں مشکوک شقیں شامل کی گئی ہیں ،اسے مسترد کرتے ہیں۔