کورونا کے نئے ویرینٹ نے کترینہ اور وکی کوشل کی شادی کو بھی نہ بخشا

کترینہ کیف اور وکی کوشل 9 دسمبر کو راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے— فوٹو: فائل
کترینہ کیف اور وکی کوشل 9 دسمبر کو راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے— فوٹو: فائل

جنوبی افریقا میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون نے جہاں دنیا بھر میں سفری پابندیاں عائد کروادیں وہیں اس نے بالی وڈ اداکار وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کو بھی نہ بخشا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل 9 دسمبر کو راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے جس کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں البتہ اب کورونا کا نیا ویرینٹ سامنے آنے کے بعد شادی کے منتظمین بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

دونوں کی شادی سے پہلے سنگیت، مہندی، ہلدی وغیرہ کی تقریبات ہوں گی۔ کترینہ اور وکی شادی کے انتظامات Six Senses Fort Barwara میں کیے جارہے ہیں۔ اس کمپنی کے منتظمین کو کورونا پروٹوکولز کو یقینی بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منتظمین نے شادی کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانا شروع کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں کورونا ایس او پیز پہلے ہی نافذ تھیں لیکن اب اومی کرون کے نئے کیسز راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں سامنے آنے کے بعد مہمانوں کیلئے مزید شرائط عائد کردی گئی ہیں۔

شادی میں آنے والے مہمانوں کو منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا جبکہ ہوٹل میں قیام کے دوران بھی مہمانوں اور عملے کے رینڈم کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ مہمانوں کو تلقین کی جائے گی کہ وہ ماسک پہن کر رکھیں اور شادی کے مقام سے باہر نہ نکلیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کے حوالے سے دو تقریبات جنہیں پہلے انڈور ہونا تھا اب آؤٹ ڈور میں تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ کورونا کے خطرے کو مزید کم کیا جاسکے۔

اس کے علاوہ مہمانوں کی تعداد کو بھی کم کردیا گیا ہے۔ پہلے 200 کے قریب مہمانوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا جبکہ اب 60 سے 100 افراد کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقا سے آنے والے 4 مسافروں میں کورونا نکل آیا ہے جس کے بعد انہیں جے پور میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے اور نمونے مزید تحقیق کیلئے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :