دنیا
Time 03 دسمبر ، 2021

عورت باوقار اور آزاد انسان ہے: طالبان کا خواتین کے حقوق سے متعلق حکم نامہ جاری

حکم نامے میں افغانستان میں نکاح کیلئے بالغ خاتون کی رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے— فوٹو:فائل
حکم نامے میں افغانستان میں نکاح کیلئے بالغ خاتون کی رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے— فوٹو:فائل

افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کے حقوق سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔

طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے خواتین کے حقوق سے متعلق فرمان جاری کیا ہے جس میں افغانستان میں نکاح کیلئے بالغ خاتون کی رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عورت جائیداد نہیں بلکہ ایک باوقار اور آزاد انسان ہے، کوئی شخص بھی امن یا دشمنی ختم کرنے کیلئے کسی بھی خاتون کو تبادلے کیلئے استعمال نہیں کر سکتا اور نہ ہی خاتون پرشادی کیلئے دباؤ ڈالا جاسکتا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیاہے کہ بیوہ کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار ہوگا، کسی بیوہ کا کوئی بھی عزیز اس کی زبردستی دوسری شادی نہیں کرواسکتا، بیوہ کو اس کے شوہر، بچوں اور والدکی جائیداد میں سے شرعی حق ملے گا۔

خواتین حقوق سے متعلق حکم نامے کے مطابق ایک سے زیادہ شادیاں کرنے والے برابری کی بنیاد پر بیویوں کے حقوق کا خیال رکھیں گے۔

حکم نامے میں تمام اداروں، علمائے کرام اور قبائلی عمائدین کو خواتین حقوق پر عمل کرنے اور کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :