بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کا بچہ گود لینے کا فیصلہ

مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ لوگ کیا کہیں گے، اس فیصلے میں میرے والدین اور دوست ساتھ ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام/سوارا بھاسکر
مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ لوگ کیا کہیں گے، اس فیصلے میں میرے والدین اور دوست ساتھ ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام/سوارا بھاسکر

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بچہ گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوارا بھاسکر نے حال ہی میں بچے کو قانونی طور پر گود لینے کے لیے بھارتی سینٹرل اڈاپشن ری سورس اتھارٹی (CARA) میں رجسٹریشن کروائی ہے۔

فری پریس جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے بچے کو گود لینے کے حوالے سے لوگوں کی ذہنیت اور معاشرے میں پائے جانے والے عام تاثر پر بات کی۔

سوارا نے گفتگو کے دوران کہاکہ اس پورے عمل میں وقت لگے گا کیونکہ ریاست اور ادارے کو یتیم بچے کو کسی دوسرے کے حوالے کرنے میں بہت احتیاط برتنی پڑتی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں سوارا کے اداکارہ یا جانی مانی شخصیت ہونے کا انہیں کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ان کے لیے اس کارروائی میں اتنا ہی وقت لگے گا جتنا بچے کو کسی عام شہری کے سپرد کرنے میں لگتا ہے۔

اس حوالے سے سوارا نے بتایا کہ میں شادی شدہ نہیں ہوں، جانتی ہوں کہ یہ فیصلہ کتنا بڑا ہے، گود لینے کا عمل کئی مراحل سے ہوکر گزرے گا جس میں میرے بیک گراؤنڈ کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ لوگ کیا کہیں گے، اس فیصلے میں میرے والدین اور دوست ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ سوارا بھاسکر ان چند اداکاراؤں میں سے ہیں جو ہر موضوع پر بنا کسی خوف کے بے باک انداز میں اظہارِ خیال کرتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔

مزید خبریں :