Time 04 دسمبر ، 2021
پاکستان

فیکٹری منیجر کا قتل: وزیراعظم کا سری لنکن صدر سے رابطہ

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسے سے رابطہ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پاکسے سے بات کی اور  بتایا کہ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاودانا کے قتل پر پاکستانی قوم کو بھی غصہ ہے اور قوم سری لنکا سے شرمندہ ہے۔

وزیراعظم کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اب تک 100 سے زائد ملزم گرفتار ہوچکے ہیں۔

عمران خان کے مطابق انہوں نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔

قبل ازیں ٹوئٹر پر جاری بیان میں سری لنکن صدر نے واقعے کی شدید مذمت کی تھی اور  کہا تھا کہ سری لنکا کو یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت اس معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے کرے گی اور پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

واقعے کا پس منظر

خیال رہے کہ گزشتہ روز 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

مزید خبریں :