پاکستان
Time 05 دسمبر ، 2021

احسن اقبال اور مصطفیٰ نواز کا فضل الرحمان کے بیان پر جواب قابلِ تحسین ہے، فواد

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سیالکوٹ واقعے پر مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کے ذمہ دارانہ بیانات کی تعریف کی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سری لنکا کے شہری کے ساتھ جو ہوا ہرپاکستانی کاسرشرم سےجھک گیاہے، پاکستان میں ادارے اور جمہوریت مضبوط ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں کا مؤقف یہ اظہارہےکہ لیڈرشپ بحیثیت قوم اس سے نمٹنا جانتی ہے، ایسا کوئی ملک نہیں جہاں اتنی آمریتوں کے بعد جمہوریت آئی ہو۔

فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ انتہا پسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، انتہا پسندی پر وزیراعظم اورشہریوں نےجیسی مذمت کی جو کہ خوش آئند ہے جبکہ احسن اقبال اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جس اندازمیں مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب دیا وہ قابل تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ تمام سیاسی رہنما انتہا پسندی کی حساسیت سے آگاہ ہیں، 22 کروڑ آبادی میں معتدل مزاج کے لوگ پاکستان کے آگے بڑھنے کی امید ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ٹوئٹر پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو جواب دیتے ہوئےکہا تھاکہ مولانا صاحب سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :