05 دسمبر ، 2021
ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ انجری کی وجہ سے دورہ پاکستان سے آؤٹ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہونیوالے کپتان کیرون پولارڈ اب تک صحتیاب نہ ہوسکے جس کی وجہ سے وہ دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولارڈ کی جگہ نکولز پورن ٹی ٹوئنٹی اور شائی ہوپ ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق کیرون پولارڈ کے متبادل کے طور پر رومین پاؤل کو ٹی ٹوئنٹی اور ڈیون تھامس کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز 13 سے 22 دسمبر تک کراچی میں ہوں گے۔