کھیل
Time 07 دسمبر ، 2021

10 وکٹیں لینے پر اعجاز پٹیل کو کس کے کہنے پرٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’بلیو ٹک‘ دیا گیا؟

اعجاز پٹیل نے 119 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا تھا: فوٹو سوشل میڈیا
اعجاز پٹیل نے 119 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا تھا: فوٹو سوشل میڈیا

ممبئی ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کی کمر توڑنے والے اعجاز پٹیل کو 10 وکٹیں لینے پر ٹوئٹر کی جانب سے ایک تحفہ دیا گیا ہے۔

ممبئی ٹیسٹ میں بھارتی نژاد کیوی بولر اعجاز پٹیل نے بھارت کی پوری ٹیم کو اکیلے پویلین بھیج کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔

اعجاز پٹیل نے 119 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا تھا۔

اعجاز پٹیل کے اس شاندار کارنامے پر جہاں دنیا بھر کے کرکٹرز نے ان کی تعریف کی تھی وہیں بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے بھی انہیں خوب داد دی اور انہیں ٹی شرٹ کا تحفہ بھی دیا۔

ایشون نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹر کے ویری فائیڈ اکاؤنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے اعجاز پٹیل کے ویری فائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ کی درخواست کی۔

ایشون نے کہا کہ ایک اننگ میں دس وکٹیں لینے پر اعجاز پٹیل لازمی طور پر ویری فائیڈ اکاؤنٹ کے حق دار ہیں۔

ایشون کی درخواست سے پہلے اعجاز پٹیل کے پاس بلیو ٹک کے ساتھ ٹوئٹر کا ویری فائیڈ اکاؤنٹ نہیں تھا لیکن 10 وکٹوں کا کارنامہ انجام دے کر شہرت کمانے والے اعجاز پٹیل کو اس کارنامے کے بعد ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ ویری فائیڈ کردیا۔

اعجاز پٹیل کا اکاؤنٹ ویری فائیڈ ہونے پر ایشون نے ٹوئٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ ممبئی ٹیسٹ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

مزید خبریں :