پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2021

ثاقب نثار آڈیو کیس: ایک سزا کیخلاف اپیل کیلئے عدلیہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی: اٹارنی جنرل

اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر خالد جاوید خان کا کہنا ہے کہ ایک سزا کے خلاف اپیل چل رہی ہے جس پر پوری عدلیہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیوٹیپ کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر صلاح الدین نے کہا کہ توجہ ہٹانے کیلئے کہا جاتا ہے کہ 70 سال کا احتساب کریں یا کسی کا نہ کریں، عدالتوں کو متنازع بنایا جا رہا ہے، عدلیہ تحقیقات کرا کر یہ سلسلہ روک سکتی ہے۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ ماضی کے تمام معاملات بھی پارلیمنٹ بھجوا دیں بحث کے لیے، ایک سزا کے خلاف اپیل چل رہی ہے جس کے لیے عدلیہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی، صرف ایک کیس کے لیے یہ پراکسی وار لڑی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ اگر ہم آڈیو تحقیقات کی درخواست قابل سماعت بھی قرار دیں تو کیا ہو گا؟ آج کل ایڈوانس ٹیکنالوجی ہے، کوئی بھی آڈیو بنا کر کہہ دے اس پر تحقیقات کریں، معاملے پر کمیشن تو اس وقت بنے جب کوئی گراؤنڈ ہو۔

عدالت نے سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بھی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دیے۔

مزید خبریں :