08 دسمبر ، 2021
بھارت کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر نئی دہلی سے ریاست تامل ناڈو کے علاقے سولور جارہا تھا کہ تامل ناڈو کی ہی حدود میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ان کی اہلیہ مدھولکا راوت اور عملے کے افراد سوار تھے۔
بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ صرف ایک شخص کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق زخمی ملنے والے شخص کی شناخت بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج (DSSC) کے ڈائریکٹنگ اسٹاف تھے۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق ورون سنگھ کا علاج ملٹری اسپتال ویلنگٹن میں جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گروپ کیپٹن ورون سنگھ رواں برس 15 اگست کو 2020 میں ایک فضائی ہنگامی صورتحال کے دوران تیجاس جنگی طیارے کو بچانے پر سوریا چکرا ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔