پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2021

وزیراعظم سے پہلے ن لیگ نے گرین لائن کا علامتی افتتاح کردیا، احسن اقبال کو ڈنڈا لگ گیا

کراچی میں ن لیگ کے رہنما اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آمنے سامنے آگئے، دھکم پیل ، تلخ کلامی اور پھر لاٹھیاں چل گئیں۔

احسن اقبال لاٹھی لگنے سے زخمی، محمد زبیر،  مفتاح اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں کو دھکے پڑگئے، ن لیگی رہنما ناظم آباد میں گرین لائن بس منصوبے کے علامتی افتتاح کے لیے پہنچے تو  رینجرز نے گرین لائن کے پل پر ہی جانے سے روک دیا۔

 آپا دھاپی اور مارا ماری کے بعد احسن اقبال نے منصوبے کا علامتی افتتاح کسی نہ کسی طرح کر ہی دیا اور  عمران خان کی حکومت پر ریاستی دہشت گردی کا الزام بھی لگا دیا۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو حملہ آور ہونے کا حکم دیا گیا ، کراچی کی گرین لائن بس کا منصوبہ ن لیگ کا تھا ، 90 فیصد کام بھی ن لیگ نے مکمل کیا تھا ، عمران خان کس منہ سے گرین لائن کا افتتاح کرنے آرہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہناہے کہ ڈنڈا لگنے سے ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے، وہ کراچی کی عوام کی طرف سے منصوبے کی تکمیل پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتےہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد ن لیگ کے دور میں اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے رکھا تھا جس کی آزمائشی سروس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی آکر کریں گے۔

مزید خبریں :