13 دسمبر ، 2021
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے واضح طور پر کہا ہے کہ مریم نواز وزارت عظمیٰ کی امیدوار نہیں، وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں ہمارے وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔
ن لیگ رہنما شاہد خاقان عباسی کا نے مزید کہا کہ عموماً یہی ہوتا ہے کہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے وہ وزیراعظم بنتا ہے،شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور وہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔
اس حوالے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے بیان دیا ہے کہ شہباز شریف ہمارے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے، شاہد خاقان سینیئر رہنما ہیں، انہوں نے اپنی معلومات کی بنا پر جواب دیا ہوگا مجھے ایسا کچھ معلوم نہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم نامزد کیا تھا البتہ اس وقت شہباز شریف رکن صوبائی اسمبلی اور پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے۔
نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد پارٹی کی صدارت کیلئے بھی نا اہل قرار دے دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ن لیگ کا قائد بنادیا گیا تھا جبکہ پارٹی صدر کا عہدہ شہباز شریف کے پاس آگیا۔ مریم نواز نواز اس وقت ن لیگ کی مرکزی نائب صدر ہیں۔