کھیل
Time 14 دسمبر ، 2021

‏لاہور قلندرز کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں کس کھلاڑی کی وجہ سے حیرانی ہوئی؟

ملکی ہی نہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور قلندرزکے پلیٹ فارم سے آگے بڑھے: سی سی او لاہور قلندرز۔ فوٹو: جیو نیوز
ملکی ہی نہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور قلندرزکے پلیٹ فارم سے آگے بڑھے: سی سی او لاہور قلندرز۔ فوٹو: جیو نیوز 

‏پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 کے لیے اچھی ٹیم بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن ڈرافٹ میں ایک پک نے ہمیں حیران کیا، اس کے علاوہ باقی توقع کے مطابق رہا۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ٹم ڈیوڈ کو دوسری فرنچائز کے پک کرنے کی توقع نہیں تھی، ٹم ڈیوڈ کے لیے خوش ہیں کہ وہ پلاٹینم میں منتخب ہو گئے ہیں، پی ایس ایل 6 کے دوسرے مرحلے میں ہم نے انہیں منتخب کیا تھا، اس کے بعد وہ دوسری لیگز بھی کھیل رہے ہیں۔

‏انہوں نے کہا کہ ملکی ہی نہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور قلندرزکے پلیٹ فارم سے آگے بڑھے، ان میں کیمرون ڈیلپورٹ، ٹام بینٹن اور فل سالٹ شامل ہیں، فل سالٹ لاہور قلندرز ڈویلپمنٹ ٹیم کے ساتھ کھیلے اور پھر وہ آسٹریلیا بھی ٹیم کے ساتھ گئے۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید اور ثمین رانا سال بھر ٹیلنٹ کی تلاش میں رہتے ہیں اور جائزہ لیتے رہتے ہیں کہ کس کھلاڑی میں ٹیلنٹ ہے اور پھر اسے سامنے لاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے رکی ہوئی کرکٹ اب ہو رہی ہے، بہت زیادہ انٹرنیشنل کمٹمنٹس ہیں اس لیے کم انٹرنیشنل کھلاڑی دستیاب تھے۔

ان کا کہنا تھا جہاں تک بڑے ناموں کی بات ہے تو بڑے نام تو اب بھی دستیاب ہیں، راشد خان اور بابر اعظم سے بڑے نام کیا ہوں گے، دونوں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ٹاپ کلاس کھلاڑی ہیں۔

سی ای او لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ ونڈو کا مسئلہ تو اس مرتبہ آیا کیونکہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی وجہ سے ونڈو پہلے لانا پڑی، ونڈو کے مسئلے کے علاوہ جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ یہ ہے کہ ہم انٹرنیشنل کھلاڑیوں تک نہیں پہنچ رہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں تک ہمیں پہنچنے کے لیے پلاننگ کرنا ہے اس کے لیے ہارون لورگاٹ جیسے ہائی پروفائل شخص کی خدمات لیں۔

ان کا کہنا تھا انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے رابطے کے لیے ہائی پروفائل شخص کی ضرورت ہے جو دیگر بورڈز کے ساتھ کھلاڑیوں کے لیے رابطے کریں۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ بورڈز کے ساتھ کھلاڑیوں کے تبادلے پر بات کرنا ہو گی، بابر اعظم، شاہین آفریدی اور فخر جیسے کھلاڑیوں سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بڑے کھلاڑیوں کا تبادلہ کریں۔

مزید خبریں :