18 دسمبر ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سال 2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔
جمعرات کے روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا۔
کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے بیٹر محمد رضوان نے 2021 میں اپنی شاندار کارکردگی کا کریڈٹ سابق ہیڈکوچ مصباح الحق کو دے دیا۔
محمد رضوان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میری کامیابی کا کریڈٹ گزشتہ مینجمنٹ کو جاتا ہے جس میں مصباح الحق ، وقار یونس ، شاہد اسلم اور کپتان بابر اعظم شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ مینجمنٹ آئی تو انہوں نے میرا بیٹنگ آرڈر اوپر کردیا جو مجھے سوٹ کرگیا اور میں نے پورے سال اچھا پرفارم کیا۔
خیال رہے کہ محمد رضوان سے قبل آصف علی نے بھی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا کریڈٹ مصباح الحق کو دیا تھا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں محمدرضوان نے ایک سال میں 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔