شیرشاہ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز کو موصول

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز کو موصول ہوگئی۔

دھماکے کے مقام کے سامنے لگے کیمرے سے بنی ویڈیو میں لوگوں کا رش دیکھا جاسکتا ہے۔

دھماکے کی شدت کیمرے کے ہلنے سے بھی محسوس کی جاسکتی ہے جبکہ سڑک کی دوسری جانب بھی کچھ شہری دھماکے کے بعد سڑک پر گرتے نظر آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں آج ہونے والے دھماکے میں نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس واقعے میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد سمیت 16 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا شیر شاہ پراچہ چوک میں ہوا جس سے نجی بینک کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور نجی بینک کے علاوہ دیگر قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا نالے کی گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوا۔

مزید خبریں :